خیبرپختونخوا حکومت نے غیر قانونی افغان باشندوں کی رجسٹریشن کے لیے سروس پوائنٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں مستند ڈیٹا درج کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے غیر قانونی افغان شہریوں کی رجسٹریشن کے لیے سروس پوائنٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت تمام اضلاع میں رجسٹریشن مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں مستند ڈیٹا درج کرنے کے لیے خصوصی ڈیسک اور سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے رجسٹریشن مراکز پر عملے کی تعیناتی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ تمام افراد باآسانی خدمات حاصل کر سکیں۔
اعلامیہ کے مطابق، نان نیشنل ڈیٹا کی تصدیق کے لیے نادرا، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ اداروں کو بایومیٹرک نظام کے تحت رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈیٹا شیئرنگ اور ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کے لیے مشترکہ میکنزم بھی وضع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں، حکومت نے رجسٹریشن مہم میں شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن اور کمپلینٹ سیل فعال کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ رجسٹریشن کی پیش رفت کی روزانہ، ہفتہ وار اور حتمی رپورٹس جائزہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔














