ٹرمپ انتظامیہ کا غیر ملکی ویزا درخواستوں کی سخت جانچ کا اعلان

ٹرمپ انتظامیہ نے ایچ۔ون بی ویزا کی جانچ مزید سخت کرنے کا اعلان کیا، امیدواروں کی آن لائن سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ پس منظر کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹرمپ انتظامیہ نے بدھ کو اعلان کیا کہ ہنرمند افراد کے ایچ۔ون بی ویزوں کی جانچ مزید سخت کی جا رہی ہے۔ نئی ہدایات کے تحت قونصلر افسران کو امیدواروں کے پیشہ ورانہ پس منظر، آن لائن سرگرمیوں اور سابقہ ذمہ داریوں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات امریکی سرزمین پر آنے والے افراد کی حساس ٹیکنالوجی یا اہم شعبوں تک رسائی کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

یہ نئی سختیاں نئے اور دوبارہ آنے والے درخواست گزاروں پر لاگو ہوں گی۔ حکومتی اہلکاروں کے مطابق یہ نظام قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق ہے، جبکہ ناقدین نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس پالیسی کے تحت بعض درخواست گزاروں کو مبہم الزامات یا ذاتی رائے کی بنیاد پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ایچ۔ون بی ویزے امریکی کمپنیوں کے لیے خاص طور پر اہم ہیں، جہاں بھارت اور چین سمیت کئی ممالک کے ماہرین کام کرتے ہیں۔ ان کمپنیوں کے کئی سربراہان نے گزشتہ صدارتی انتخاب میں ٹرمپ کی حمایت کی تھی۔ دو دسمبر کو امریکی مشنز کو بھیجے گئے حکم نامے میں ویزا افسران کو درخواست گزاروں کی پروفائلز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اگر درخواست گزار پر اظہارِ رائے کو محدود کرنے کے شواہد ملیں، تو اس کے خلاف امیگریشن ایکٹ کی دفعہ کے تحت ویزا انکار کی کارروائی کی جانی چاہیے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے پالیسی پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ اگرچہ یہ پالیسی تمام ویزا درخواست گزاروں پر لاگو ہے، خاص توجہ ایچ۔ون بی ویزا درخواست گزاروں پر دی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں