آل راؤنڈر محمد نواز نے 2025 میں شاندار ٹی 20 پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز نے 2025 میں بہترین ٹی 20 پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر اور بلے باز محمد نواز نے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے مختصر فارمیٹ میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔
محمد نواز نے جولائی 2025 میں فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 21.52 کی اوسط سے 7 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔ اگست 2025 میں شارجہ میں پاکستان، افغانستان اور یو اے ای سیریز کے دوران 5 میچوں میں 120 رنز اور 10 وکٹیں لے کر بہترین کھلاڑی بنے۔
نومبر 2025 میں راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے ٹرائی سیریز میں 52 رنز اور 10 وکٹیں لے کر ایک بار پھر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ مجموعی طور پر محمد نواز نے 2025 میں 26 ٹی 20 میچز میں 4 مرتبہ بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
اس سال انہوں نے 74.4 اوورز کروائے اور 490 رنز دے کر 13.16 کی اوسط سے 36 وکٹیں لیں، جبکہ 19.05 کی اوسط سے 362 رنز بنائے اور 138.16 کے سٹرائیک ریٹ سے 24 چوکے اور 21 چھکے مارے۔















