سندھ ہائی کورٹ نے مین ہول میں گر کر بچے کی موت پر سماعت 5 دسمبر کو مقرر کی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے نیپا چورنگی پر مین ہول میں گر کر بچے کی موت کی عدالتی انکوائری کی درخواست پر سماعت 5 دسمبر کو مقرر کر دی ہے۔
یہ درخواست سابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے دائر کی ہے، جس میں میئر کراچی سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کے والد نے گٹروں کے ڈھکن خود لگوانے کا اعلان کیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ سانحہ نیپا چورنگی کی حقیقت سامنے لانے کے لیے سیشن جج سے عدالتی انکوائری کرائی جائے۔ مزید استدعا کی گئی ہے کہ میئر کراچی اور 25 ٹاؤن چیئرمینوں سے کھلے مین ہولز اور متعلقہ ریکارڈ طلب کیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ سانحے کے ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا جائے۔














