ہفتے کے دوران کم نیند لینے سے ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، سنگاپور کی تحقیق کا انکشاف۔
سنگاپور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہفتے کے دوران کم نیند لینے سے ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ہفتہ وار تعطیلات پر زیادہ سونے کے باوجود عام دنوں میں نیند کی کمی سے جسم کا گلوکوز میٹابولزم نظام متاثر ہوتا ہے۔
تحقیق میں 21 سے 35 سال کی عمر کے 48 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا اور ان کے بلڈ گلوکوز اور انسولین کی سطح کا تجزیہ کیا گیا۔ انہیں تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا جن میں سے ایک گروپ کو ہر رات 6 گھنٹے جبکہ دوسرے کو 4 سے 8 گھنٹے سونے کی ہدایت کی گئی۔ تیسرے گروپ کو ہر رات 8 گھنٹے سونے کا کہا گیا۔
نتائج کے مطابق، عام دنوں میں کم نیند لینے والوں میں گلوکوز میٹابولزم کا نظام متاثر ہوا اور انسولین کی مزاحمت کی علامات ظاہر ہوئیں۔ محققین نے کہا کہ مناسب نیند نہ لینے سے جسم کی گلوکوز کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت گھٹ جاتی ہے اور ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ تحقیق سلیپ جرنل میں شائع ہوئی ہے، جس میں مزید تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ محققین کے مطابق، چھٹیوں کے دوران اچھی نیند باقی دنوں کی کمی کو پورا نہیں کر سکتی۔















