یوٹیوب نے 2025 کا ری کیپ فیچر متعارف کرایا، جس سے صارفین اپنی دیکھی گئی ویڈیوز اور رجحانات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یوٹیوب نے 2025 کا ری کیپ فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی سال بھر کی دیکھی گئی ویڈیوز اور رجحانات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ یہ فیچر صارفین کے پسندیدہ چینلز، موضوعات اور ویڈیوز کی نمائندگی کرتا ہے، جس سے ان کی شخصیت کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔
یہ فیچر شمالی امریکا میں دستیاب ہوچکا ہے اور جلد ہی دنیا بھر میں متعارف کروا دیا جائے گا۔ یوٹیوب ری کیپ صارفین کے دیکھے گئے مواد کو 12 کارڈز کی شکل میں پیش کرتا ہے، جن میں پسندیدہ چینلز، بار بار دیکھی جانے والی ویڈیوز اور دیکھنے کے رجحانات شامل ہیں۔
یوٹیوب نے بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ یہ فیچر صارفین کی رائے اور تجربات کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ اس کے لیے مختلف راؤنڈز میں صارفین کی رائے لی گئی، جس سے مختلف ناظرین کی شخصیات کی نشاندہی ہوئی۔
یوٹیوب نے اعلان کیا کہ صارفین آسانی سے اپنے ری کیپ دیکھ سکتے ہیں۔ کمپنی نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر کہا کہ "یوٹیوب ری کیپ متعارف کرادیا گیا ہے، جس میں وہ لمحے، دلچسپیاں اور تخلیق کار شامل ہیں جنہوں نے آپ کا 2025 تشکیل دیا۔”
موسیقی پر مرکوز دلچسپی رکھنے والے صارفین یوٹیوب میوزک ایپ میں اپنی پسندیدہ موسیقی اور پوڈکاسٹ کے رجحانات دیکھ سکتے ہیں۔ یہ فیچر صارفین کو سال بھر کے دیکھے گئے مواد کو دوبارہ دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔















