پی آئی اے نجکاری کی بڈنگ براہ راست نشر ہوگی۔ وزیر اعظم

وزیر اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت کے لیے بڈنگ کو ٹی وی پر براہ راست نشر کرنے کا اعلان کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بڈنگ کو پورے ملک میں ٹیلی ویژن پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے والے کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کا کھویا ہوا تشخص بحال کرنے اور قومی ایئرلائن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نجکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی پی آئی اے اپنے ماضی کے نعرے "گریٹ پیپل ٹو فلائی وِد” کی روایت پر پورا اترے گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ بڈنگ 23 دسمبر 2025 کو منعقد ہوگی اور اسے تمام میڈیا چینلز پر براہِ راست دکھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کی عالمی پروازوں کی بحالی سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی اور ملک کے سیاحتی شعبے کی ترقی کے لیے بھی پی آئی اے کا جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ بڈنگ کے بعد جو بھی فریق یہ ذمہ داری سنبھالے گا، وہ قومی ایئرلائن کے تشخص کی بحالی اور ترقی کے لیے اپنی پوری توانائیاں صرف کرے گا۔ ملاقات وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہوئی، جس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور بڈنگ میں شامل اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ شرکاء نے حکومت کی جانب سے نجکاری کے پورے عمل کو پیشہ ورانہ، شفاف اور میرٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔

دیگر متعلقہ خبریں