وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ غیر متعلقہ افراد کی سیاست میں مداخلت نقصان دہ ہے اور خیبر پختونخوا میں امن بحال کرنے کا عزم کیا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا سیاست میں کام نہیں ہے، وہ پھر بھی مداخلت کر رہے ہیں۔ پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چار دہائیوں سے دہشت گردی کی زد میں ہے اور یہاں پولیس نے کم وسائل کے باوجود 21 سال دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور خیبر پختونخوا میں ہر حال میں امن بحال کریں گے۔ پولیس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے اور وسائل کی کمی کو سیکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے اور سرکاری افسران کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز سے ناپی جائے گی۔ تقریب میں پولیس اور سول انتظامیہ کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ لوگ بلاوجہ سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں۔














