سندھ پولیس نے کراچی کے بعد ای ٹکٹنگ نظام دیگر شہروں میں متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ٹریفک نظام کو جدید اور مؤثر بنایا جا سکے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کو دیگر شہروں میں جلد متعارف کرایا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد نظام کے بہتر نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک اور آئی ٹی کو واضح ذمہ داریاں تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ نظام کی شفاف اور مؤثر شروعات ممکن ہو۔ اس کے تحت سہولت سینٹرز کے قیام پر بھی غور کیا گیا تاکہ شہریوں کو آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں پارکنگ لین کی خلاف ورزی کی زمینی اور فضائی اسکیننگ کے ذریعے اور نو پارکنگ پر موجود گاڑیوں کے خلاف ڈرونز کی مدد سے ای چالان جاری کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ مزید یہ کہ تقریباً 90 فیصد جاری شدہ ای چالان نئے نظام کے آغاز سے پہلے معاف کرنے کا فیصلہ ہوا تاکہ شہریوں پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ تمام متعلقہ محکمے ای ٹکٹنگ نظام کی نگرانی کریں گے تاکہ نظام کی شفافیت اور مؤثریت برقرار رہے، اور شہریوں کے لیے جدید اور آسان ٹریفک نظام فراہم کیا جا سکے۔














