گٹر میں گر کر بچے کی موت پر کے ایم سی کی رپورٹ جاری، حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات قرار

کراچی میں گٹر میں گر کر بچے کی موت کی تحقیقاتی رپورٹ میں بی آر ٹی تعمیرات کو حادثے کی وجہ بتایا گیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلشن اقبال کے علاقے میں گٹر میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی گئی۔

نیپا چورنگی کے قریب نجی اسٹور کے سامنے بچے کے گرنے کے واقعے پر کے ایم سی نے اپنی رپورٹ سیکرٹری محکمہ بلدیات کو بھیج دی ہے۔ سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت کی رپورٹ کے مطابق میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا اور گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بی آر ٹی کھدائی نے نالے کے نکاسی نظام کو نقصان پہنچایا تھا اور عارضی 2 فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ریڈ لائن منصوبے کے تحت ایک جگہ مین ہول کھلا رہنے کی وجہ سے سانحہ پیش آیا۔ بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

کے ایم سی کی رپورٹ کے مطابق کھدائی بی آر ٹی نے کی اور بعد میں صورتحال کو نظرانداز کیا گیا، جس کی وجہ سے بچہ گٹر میں گرا۔ نجی اسٹور کی انتظامیہ اور بی آر ٹی کی مشترکہ غفلت اس حادثے کا سبب بنی۔ افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام حصے بھر دیے گئے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں