اسلام آباد-تہران-استنبول مال بردار ٹرین 31 دسمبر سے بحال

پاکستان کے وزیر ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد-تہران-استنبول کی مال بردار ٹرین 31 دسمبر سے دوبارہ شروع ہوگی، جو علاقائی تجارت کو فروغ دے گی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (مہر خبررساں ایجنسی) پاکستان کے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے تحت اسلام آباد، تہران اور استنبول کو ملانے والی اہم فریٹ ٹرین سروس 31 دسمبر 2025 سے دوبارہ شروع کی جائے گی۔

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے اس اقدام کو پاکستان کے علاقائی تجارتی روابط کے فروغ کی سمت ایک بڑے قدم کے طور پر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوری ایران کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شراکت داری کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ ریل نیٹ ورک کی بحالی اس مقصد کے حصول میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے سال کے اختتام تک بین الاقوامی ریل رابطے بحال کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے تاجروں اور برآمد کنندگان کو اس تاریخی راہداری سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی، جو نہ صرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ نقل و حمل کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد-تہران-استنبول (ITI) کنٹینر ٹرین کا احیاء پاکستان کی علاقائی تجارت میں نئی جہت پیدا کرے گا اور برآمدات کے فروغ کے لیے ایک مضبوط راہداری فراہم کرے گا۔ وزیر ریلوے نے امید ظاہر کی کہ یہ ریل سروس خطے کی معاشی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔

دیگر متعلقہ خبریں