جوڈیشل کمیشن نے سندھ اور بلوچستان کے چیف جسٹسز کے نام منظور کرلیے

جوڈیشل کمیشن نے سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز کے ناموں کی منظوری دے دی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے تین سینئر ججز کے ناموں پر غور کیا گیا، جن میں جسٹس ظفر احمد راجپوت، جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس محمود اے خان شامل تھے۔ غور و خوض کے بعد جسٹس ظفر احمد راجپوت کے نام کی منظوری دی گئی۔

بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے بھی تین سینئر ججز، جسٹس کامران خان ملاخیل، جسٹس اقبال احمد کانسی اور جسٹس شوکت علی درخشانی کے ناموں پر غور کیا گیا۔ بعد ازاں جسٹس کامران خان ملاخیل کو چیف جسٹس کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا۔

مزید برآں، جوڈیشل کمیشن نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج مقرر کرنے کی بھی سفارش کی ہے، وہ اس وقت بطور ایکٹنگ جج ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں