سعودی عرب میں غیر مسلم غیر ملکیوں کے لیے شراب خریدنے کی سہولت میں مزید نرمی کی گئی ہے، اب وہ ریاض کی واحد شراب کی دکان سے خریداری کر سکتے ہیں۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب کے غیر مسلم غیر ملکی رہائشیوں کے لیے شراب کی خریداری کی سہولت میں مزید نرمی کی گئی ہے۔ اب وہ غیر مسلم غیر ملکی جن کی تنخواہ کم از کم 50 ہزار سعودی ریال ہے، ریاض کی واحد شراب کی دکان سے خریداری کر سکتے ہیں۔
یہ تبدیلی حال ہی میں غیر سفارتکار غیر ملکیوں کو پہلی بار شراب خریدنے کی اجازت کے بعد سامنے آئی ہے۔ پہلے صرف پریمیم ویزا ہولڈرز کو خریداری کی اجازت دی گئی تھی۔
خریداری کے لیے خریدار کو اپنی اقامہ معلومات دکان کے عملے کو فراہم کرنی ہوتی ہیں، جہاں ان کی تنخواہ سعودی نظام کے ذریعے چیک کی جاتی ہے۔
سعودی عرب کا پریمیم ریزیڈنسی پروگرام 2019 میں شروع ہوا جس میں غیر ملکیوں کو تقریباً 8 لاکھ ریال کی ایک بار ادائیگی سمیت شرائط پوری کرنی ہوتی ہیں۔
ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کے تحت سعودی عرب معاشی تنوع اور سیاحت کے فروغ کے لیے اصلاحات متعارف کرا رہا ہے، جس میں یہ تبدیلی بھی شامل ہے۔













