عرفان صدیقی کی نشست پر ضمنی انتخاب کا اعلان، پولنگ 24 دسمبر کو ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی سینیٹ کی جنرل نشست کے لیے ضمنی انتخاب کا اعلان کر دیا گیا۔ الیکشن کمشنر پنجاب کے ترجمان کے مطابق امیدوار 4 دسمبر سے 5 دسمبر 2025 تک ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ نامزد امیدواروں کی فہرست 6 دسمبر کو شائع کی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 8 دسمبر تک مکمل کی جائے گی جبکہ منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 10 دسمبر تک دائر کی جا سکیں گی۔ اپیلوں کے فیصلے کی آخری تاریخ 12 دسمبر مقرر کی گئی ہے، اور نظرِ ثانی شدہ فہرست 13 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
امیدوار 15 دسمبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ پولنگ 24 دسمبر کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک صوبائی اسمبلی پنجاب میں منعقد ہو گی۔ کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے دفتر 10 کورٹ اسٹریٹ، لاہور میں 4 سے 5 دسمبر کے درمیان جمع کیے جائیں گے۔














