ٹک ٹاک نے پاکستانی مارکیٹرز کے لیے ایڈز مینیجر متعارف کرایا، اس سے مقامی کاروبار کو کم بجٹ میں بڑے سامعین تک پہنچنے کے مواقع ملیں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پاکستانی صارفین کے لیے اپنا ایڈز مینیجر متعارف کروا دیا ہے۔ اس اقدام سے مارکیٹرز کو غیر ملکی اکاؤنٹس یا تیسرے فریق کی ایجنسیوں کے بغیر اشتہارات کی مکمل مینجمنٹ، بجٹ کنٹرول اور ہدفی سامعین تک پہنچنے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
ٹک ٹاک کے نئے اقدام کے تحت اب پاکستانی ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز سے ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس سے اشتہارات کی شفافیت اور آسانی میں اضافہ ہوگا۔ قبل ازیں مارکیٹرز کو غیر ملکی اکاؤنٹس کے ذریعے اشتہارات چلانے کی وجہ سے اضافی لاگت اور محدود کنٹرول کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
اب ٹک ٹاک ایڈز مینیجر کے ذریعے پاکستانی کاروبار کم بجٹ سے بھی بڑے سامعین تک پہنچ سکتے ہیں اور اپنے اشتہارات کو اردو، پنجابی اور پشتو جیسی مقامی زبانوں میں پیش کر سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے مقامی چھوٹے کاروبار، درمیانے درجے کے ادارے اور فری لانسرز کو نئے مواقع حاصل ہوں گے، جبکہ مارکیٹنگ کے شعبے میں جدت اور مقابلے کی شرح بھی بڑھے گی۔















