بھارت میں ‘سنچار ساتھی’ ایپ کے زبردستی انسٹالیشن کے حکومتی حکم نے شہریوں میں پرائیویسی کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت میں حکومت نے ‘سنچار ساتھی’ ایپ کو تمام موبائل فونز میں زبردستی انسٹال کروانے کا حکم جاری کیا ہے جس سے شہریوں میں بے چینی پھیل گئی ہے۔ حکومت اس ایپ کو عوامی تحفظ کے لیے ضروری قرار دے رہی ہے لیکن صارفین اسے پرائیویسی پر حملہ قرار دے رہے ہیں۔
یہ ایپ ہر نئے فون میں لازمی طور پر انسٹال ہوگی اور اسے ہٹایا یا بند نہیں کیا جا سکے گا۔ حکومت نے پرانے فونز میں بھی اسے جبراً شامل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بھارتی شہری اس اقدام پر خوفزدہ ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ یہ عمل آمریت پسندانہ ہے اور ان کی پرائیویسی اور آزادی پر حملہ ہے۔
‘سنچار ساتھی’ ایپ کے ذریعے حکومت گمشدہ موبائل بلاک کر سکتی ہے، جعلی آئی ایم ای آئی نمبر چیک کر سکتی ہے اور مشکوک کالز کی رپورٹ کر سکتی ہے، لیکن صارفین کے خدشات ایپ کے اندر موجود اختیارات پر ہیں۔
بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ یہ اقدام ملک میں بڑھتے موبائل فراڈز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے، تاہم ڈیجیٹل رائٹس تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ یہ قومی سلامتی کے نام پر عوام کی آزادی چھیننے کی کوشش ہے۔















