گٹر ڈھکن لگاتے ہیں مگر نشئی چوری کر لیتے ہیں۔ نادر گبول

سندھ حکومت کے ترجمان نادر نبیل گبول نے گٹر ڈھکن چوری کا ذمہ دار نشہ کرنے والوں کو ٹھہرایا، جبکہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے بی آر ٹی منصوبے کی تاخیر پر تنقید کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترجمان سندھ حکومت نادر نبیل گبول نے کہا ہے کہ گٹر کے ڈھکن لگائے جاتے ہیں مگر نشہ کرنے والے انہیں چوری کرلیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیپا حادثے کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جانی چاہیے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

ترجمان نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ ان مسائل کو سیاست کا شکار نہ بنائیں اور حکومت کے ساتھ مل کر حل نکالیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام شہری مسائل کے لیے ون ونڈو آپریشن کا منصوبہ ہے اور ٹاؤنز کو ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز دیے جا رہے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق، تین سالہ بچے کی لاش نالے سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور ملی۔ سندھ حکومت نے لوکل ٹیکس جمع کرنے کے اختیارات ٹاؤنز کو دیے ہیں تاکہ ترقیاتی کام ہوسکیں۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے کہا کہ حادثے کے مقام پر بی آر ٹی منصوبے کی تعمیر کی وجہ سے سڑک تین سال سے کھودی ہوئی ہے اور ٹاؤن چیئرمین کی کوئی ذمہ داری نہیں بنتی۔ انہوں نے اپنے وسائل سے مین ہول کے کور بنائے اور لگائے ہیں۔

منعم ظفر نے مزید کہا کہ کراچی کے منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوتے اور پارکنگ کا مسئلہ بھی سنگین ہے۔ انہوں نے نیپا حادثے کے خلاف سٹی کونسل میں قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہیں ہو سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں