نادرا نے شناختی نظام میں اہم ریگولیٹری اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن میں تصدیق کے نئے طریقے اور پروکیورمنٹ ریگولیشنز شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نادرا نے شناختی نظام میں اہم ریگولیٹری اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جنہیں نادرا اتھارٹی بورڈ کی منظوری کے بعد گزٹ آف پاکستان میں شائع کیا گیا۔ ان اصلاحات کے تحت شناختی دستاویزات کی تصدیق کے لئے ریکارڈ کے جائزے کا طریقہ کار شامل کیا گیا ہے۔
تحقیقات، سماعت اور حتمی فیصلوں کے لئے ویریفکیشن بورڈز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ شناختی کارڈ کے ضوابط میں اہم تعریفوں کی مزید وضاحت کی گئی ہے اور متروک یا وصول نہ کئے گئے شناختی کارڈز کی تلفی کا طریقہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایک سے زیادہ شناختی کارڈز کے معاملات کو نمٹانے کا طریقہ کار مزید واضح کیا گیا ہے، یتیم خانوں اور تحفظ اطفال کے اداروں کی رجسٹریشن کے قواعد متعارف کرائے گئے ہیں۔ پاکستان اوریجن کارڈ کے لئے اہلیت کا معیار واضح کیا گیا ہے اور سلسلہ نسب کی تصدیق کے لئے مطلوبہ دستاویزات اور کارڈ ہولڈر کے حقوق شامل کئے گئے ہیں۔
نادرا پروکیورمنٹ ریگولیشنز کی منظوری خریداری کے شفاف نظام کے لئے دی گئی ہے، جو ادارے کو جدید بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ نئے ریگولیشنز کا مکمل متن نادرا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔














