2026 میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کی پیشگوئی، امریکی معیشت کی غیر یقینی صورتحال اور ڈالر کی کمزور پوزیشن ممکنہ عوامل۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اکتوبر 2025 کے آخر میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی نے بحث چھیڑ دی کہ آیا یہ کمی سونے کے سال بھر جاری رہنے والے اضافے کا خاتمہ ہے یا وقتی رکاوٹ۔ سونا 4400 ڈالر فی اونس سے گر کر 4000 ڈالر سے نیچے آیا، تاہم نومبر کے آغاز میں اس کی قیمت میں تقریباً 6 فیصد اضافہ ہوا۔
سال 2025 میں سونے کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 60 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران بھی اس کی کارکردگی مضبوط رہی ہے۔ گولڈ مین ساکس کے مطابق سال 2026 میں بھی سونے کی مانگ برقرار رہنے کے امکانات ہیں، خاص طور پر امریکہ میں معاشی غیر یقینی صورتحال اور ڈالر کی کمزور پوزیشن کے باعث۔
امریکی معیشت بظاہر مجموعی طور پر مضبوط دکھائی دے رہی ہے، مگر روزگار کے شعبے میں گہری دراڑیں پڑ رہی ہیں۔ اکتوبر میں ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد ملازمین فارغ کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 175 فیصد زیادہ ہیں۔ سال 2025 میں 40 فیصد کمپنیوں نے ملازمین نکالے اور 2026 میں مزید 60 فیصد ادارے ایسا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
امریکی معیشت کی سست روئی اور بڑھتا ہوا قومی قرض سرمایہ کاروں کے لئے تشویش کا باعث بن رہا ہے، جبکہ 2026 کے وسط تک سونا 4,500 ڈالر فی اونس تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان جاری رہا تو سونا آئندہ سال بھی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش اثاثہ بن سکتا ہے۔













