پاکستان حج 2025 کے لیے میڈیکل اسٹاف سعودی عرب بھیجے گا

وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے لیے پاکستانی میڈیکل اسٹاف سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے دوران عازمین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستانی میڈیکل اسٹاف سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ بھرتی کا عمل نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ذریعے مکمل کیا جائے گا اور درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ کل ہے۔

وزارت نے بتایا ہے کہ 98 ڈاکٹرز، فارماسسٹس اور 196 پیرامیڈیکل اسٹاف سعودی عرب بھیجے جائیں گے۔ اہل امیدواروں کی عمر 25 سے 55 سال کے درمیان ہونی چاہیے اور ان کے پاس کم از کم تین سال کا سرکاری سروس تجربہ ہونا لازمی ہے۔

امیدواروں کو اپنے متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ دل، شوگر یا ہائی بلڈ پریشر کے مریض اہل نہیں ہوں گے۔

مزید یہ کہ 30 فیصد کوٹہ خواتین میڈیکل اسٹاف کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ منتخب افراد حج کے دوران سعودی عرب میں خدمات انجام دیں گے۔ وزارت نے خبردار کیا ہے کہ سعودی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں