بھارت میں میسیجنگ ایپس کے استعمال کے لیے فعال سم کارڈ لازمی قرار، حکومت نے 90 دن کی مہلت دی۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت میں سائبر سیکیورٹی کے لیے نئے قوانین کے تحت واٹس ایپ اور دیگر میسیجنگ ایپس کے استعمال کے لیے فعال سم کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حکومت نے ان قوانین پر عمل درآمد کے لیے 90 دن کی مہلت دی ہے۔
ان قوانین کے مطابق، واٹس ایپ، ٹیلیگرام، سگنل اور اسنیپ چیٹ جیسی ایپس کو فعال سم کارڈ کے ساتھ منسلک کرنا ہوگا۔ اگر فون میں موجود سم غیر فعال ہو جائے، نکال دی جائے یا تبدیل کی جائے تو متعلقہ ایپ فوراً کام کرنا بند کر دے گی۔
نئے نظام کے تحت، صارفین کو ہر 6 گھنٹے بعد خودکار طور پر لاگ آؤٹ کر دیا جائے گا اور دوبارہ لاگ ان کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنا ضروری ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سائبر مجرموں کے لیے غیر فعال یا نامعلوم نمبرز کے ذریعے فراڈ کرنا مشکل ہو جائے گا۔
تاہم، ماہرین کے درمیان اس فیصلے پر بحث جاری ہے۔ کچھ ماہرین اسے ٹریس ایبلٹی بہتر بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہیں، جبکہ دیگر کا خیال ہے کہ یہ ناکافی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جعلی یا ادھار شناخت پر نئے سم کارڈ اب بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں، اس لیے صرف سم بائنڈنگ دھوکا دہی کو مکمل طور پر روک نہیں سکے گی۔















