کراچی میں مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش 15 گھنٹے بعد برآمد

کراچی میں مین ہول میں گرنے والے تین سالہ بچے کی لاش 15 گھنٹے بعد برآمد، والدین اور اہل محلہ کا شدید احتجاج۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلشن اقبال کے علاقے نیپا پل کے قریب کھلے مین ہول میں گرنے والے تین سالہ بچے ابراہیم کی لاش 15 گھنٹے بعد تقریباً نصف کلومیٹر دور سے ملی۔ بچے کی لاش کے ایم سی کی ٹیم نے دادا کے حوالے کر دی۔

حادثہ کی رات کھلے مین ہول میں گرنے کے بعد بچے کی تلاش جاری رہی، جس میں شہریوں نے انتظامیہ کی غفلت پر شدید احتجاج کیا۔ ریسکیو ٹیم کے پاس ضروری مشینری نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعد میں مقامی افراد نے خود ہیوی مشینری کا انتظام کیا۔

ابراہیم اپنے والدین کے ساتھ خریداری کے بعد باہر نکلا اور مین ہول میں گر گیا۔ ابراہیم کے والد نے بتایا کہ وہ موٹر سائیکل پارک کر رہے تھے جب ان کا بیٹا اچانک پیچھے آیا اور مین ہول میں جا گرا۔

واقعے کے بعد علاقے میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، نیپا چورنگی پر ٹائر جلائے گئے اور سڑک بلاک کر دی گئی۔ سندھ حکومت نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں