سینیٹ کی سب کمیٹی نے سی ایس ایس امیدواروں کے لیے عمر کی حد 35 سال کرنے اور سالانہ دو امتحانی مواقع کی تجویز دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹ کی سب کمیٹی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کو تجویز دی ہے کہ سنٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے امیدواروں کے لیے سالانہ دو امتحانی مواقع فراہم کیے جائیں اور بالائی عمر کی حد 35 سال کر دی جائے۔
یہ تجویز پارلیمنٹ لاجز میں کابینہ سیکریٹریٹ کی سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے اجلاس کے دوران پیش کی گئی، جس کی صدارت سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کی۔ اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ اور ایف پی ایس سی کے نمائندے بھی شریک تھے۔
اجلاس کی ابتدا سی ایس ایس امتحان کی موجودہ مارکنگ اسکیم، اسکریننگ میکانزم اور جائزہ سائیکل پر تفصیلی بریفنگ سے ہوئی۔ اجلاس میں اہم تجویز یہ سامنے آئی کہ فی الحال سالانہ ایک موقع کی وجہ سے امیدواروں کو چار سال کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے اکثر امیدوار عمر کی حد سے باہر ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی تجویز دی گئی کہ ایف پی ایس سی کو سالانہ دو مواقع فراہم کرنے چاہئیں تاکہ طلبہ اپنے سال ضائع کیے بغیر مقررہ عمر کی حدود میں رہ سکیں۔ ایف پی ایس سی نے بتایا کہ موجودہ کاغذی نظام کے تحت نتائج کو حتمی شکل دینے میں وقت درکار ہوتا ہے، اس لیے فوری تبدیلی ممکن نہیں۔
اجلاس میں ایک اور اہم تجویز یہ بھی دی گئی کہ سی ایس ایس امیدواروں کی عام بالائی عمر کی حد 35 سال کی جائے تاکہ مختلف عوامل کی بنا پر طلبہ کے سال ضائع نہ ہوں۔














