خیبرپختونخوا حکومت کا عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر دھرنے کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر اڈیالہ جیل کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے منگل کو وزیراعلیٰ کی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر اڈیالہ جیل کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ اگر منگل کو بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو اڈیالہ جیل کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ منگل کو تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ہائی کورٹ جائیں گے اور عمران خان کی فیملی کے ساتھ اڈیالہ جیل کا دورہ کریں گے۔ عمران خان کی بہنوں سے ملاقات نہ ہونے پر دھرنا اور احتجاج ہوگا، جبکہ عمران خان کی 4 نومبر سے فیملی سے ملاقات نہ ہونے پر صحت سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ ن لیگ اپنے ماضی کو بھول جاتی ہے، ماضی میں مسلم لیگ رہنما اپنے مجرم قائد سے لندن میں ملاقاتیں کرتے رہے ہیں، جبکہ حکومت عمران خان کے بیانات اور تصویر سے خوفزدہ ہے۔ عمران خان ملک کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں اور ان کے بیانات روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے عوامی نمائندوں کو عمران خان کی رہائی کے نام پر ووٹ ملا ہے، عوام کا واحد سوال یہی ہوتا ہے کہ عمران خان کی رہائی کب ہوگی؟ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ صوبے کو ضم اضلاع کے واجبات اور پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے فنڈز نہیں دیے گئے ہیں، تین ہزار ارب روپے این ایف سی، این ایچ پی، آئل گیس ریزرو وغیرہ کی مد میں واجب ہیں، چار دسمبر کو این ایف سی اجلاس میں صوبہ بھرپور مقدمہ لڑے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں