مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترامیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا۔
مردان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بڑے لوگوں کی خواہش پر آئینی ترامیم ہو رہی ہیں، عوام کی خواہشات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے مردان میں تکمیل حفظ القرآن کریم الجامعہ الاسلامیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک امن، بھائی چارے اور آزادی کی علامت ہونا چاہیے تھا، لیکن آج آئین کو کھلونا بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صوبوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔
مولانا نے مزید کہا کہ عوام کی خواہشات پر شب خون مارا جا رہا ہے اور 27 ویں ترمیم کے لیے لوگوں کو خرید کر دو تہائی اکثریت بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کھوکھلی اکثریت سے 27 ویں ترمیم منظور کی گئی، جو غیر منصفانہ ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے ہاتھوں سے فلسطینیوں کا خون ٹپک رہا ہے جبکہ شہباز شریف ٹرمپ کو امن کا نوبیل انعام دینے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کی باتوں سے مسئلے حل نہیں ہوں گے، پاکستان اور افغانستان کو اپنے رویوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔














