شیخ وقاص اکرم نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی باتوں کو پرانی قرار دیا، نئے گورنر کے نام زیر غور ہیں۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی باتیں کوئی نئی نہیں ہیں، علی امین کے جانے سے پہلے بھی یہ موضوع زیر بحث رہا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نےکہا ہے کہ آج پھر کسی ایجنڈے پر معاملہ اُٹھایا جا رہا ہے، اور اس کا مقصد وزیر اعلیٰ کو مرعوب کرنا معلوم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ کے خلاف منشیات یا دیگر الزامات کے ثبوت ہیں تو انہیں پیش کرنا چاہیے۔ شیخ وقاص اکرم نے تجویز دی کہ ایسے الزامات لگانے والوں کے خلاف خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنا چاہیے۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ کسی پارٹی کے مینڈیٹ کو چھیننا مناسب نہیں ہوگا، اور اگر کسی کا ایسا ارادہ ہے تو وہ کر کے دیکھ لے۔
ذرائع کے مطابق نئے گورنر خیبر پختونخوا کے لیے پانچ نام زیر غور ہیں، جن میں تین سیاسی شخصیات اور دو سابق فوجی افسران شامل ہیں۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے متعلق معاملہ زیر غور ہے۔














