خیبرپختونخوا حکومت نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو اڈیالہ جیل کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ منگل کو عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی فیملی کے ساتھ ملاقات نہ ہونے پر احتجاج ہوگا، جبکہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ ن لیگ ماضی کو بھول جاتی ہے جب ان کے رہنما مجرم قائد سے لندن میں ملاقاتیں کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کے بیانات سے خوفزدہ ہے اور ان کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو ضم اضلاع کے واجبات اور پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے فنڈز نہیں دیے گئے ہیں۔ چار دسمبر کو این ایف سی اجلاس میں صوبہ بھرپور مقدمہ لڑے گا۔














