راولپنڈی میں ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 21 سرکاری گاڑیوں کو چالان کیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک سمیت 21 سرکاری گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے۔ یہ کارروائی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر شاہراؤں کو محفوظ بنانے کی مہم کے تحت کی گئی ہے۔
چیف ٹریفک افسر فرحان اسلم نے بتایا کہ قوانین کی پابندی سب کے لیے ضروری ہے، اور اس مہم کے دوران ڈی ایس پی ٹریفک کی سرکاری گاڑی کو کالے شیشے ہونے پر 500 روپے کا چالان کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈی ایس پی کے ڈرائیور کو شوکاز نوٹس بھی جاری ہوا۔
ایک دن میں 21 سرکاری گاڑیاں ون وے خلاف ورزی، کالے شیشے، بغیر ہیلمٹ اور نمبر پلیٹ کی عدم موجودگی پر چالان کی گئیں۔ فرحان اسلم نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنانا وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کا حصہ ہے اور جو سرکاری ملازم قوانین کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔














