چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے اور ہم دنیا کے طاقتور ترین ممالک میں شامل ہوں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے اور ہم یقیناً دنیا کے طاقتور ترین ممالک میں شامل ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں پیپلز پارٹی کے کارکن موجود ہیں اور وہ متوسط طبقے کی نمائندگی کرتے ہوئے انہیں مضبوط کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ بلاول بھٹو نے پارٹی کے اہم عہدیداروں سے ملاقات کے دوران ملکی سیاسی و سماجی صورتحال پر بات چیت کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے جمہوریت اور آئین کی بنیاد رکھی جبکہ بے نظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت کے ساتھ مل کر آئینی ترمیم پاس کروائی اور صوبوں کے آئینی حقوق کی حفاظت کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر ایک مقام بنا ہے اور ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے پوری کوشش کی جارہی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آئینی عدالتوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور بلدیاتی نظام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
بلاول بھٹو نے سندھ میں جاری پیپلز ہاؤسنگ منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مستحق افراد کو ان کے حقوق دیے جا رہے ہیں اور چھوٹے کسانوں کو سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں دہشتگردی کے خطرات پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان نے دہشتگردوں کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔














