عطا تارڑ کا عمران خان کی بہنوں کو کارروائی سے بچانے کا الزام، صوبائی حکومتوں کی کوتاہیوں پر تنقید
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی تینوں بہنوں کو ابھی تک کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑا تاکہ عمران خان ان کی گرفتاری پر احتجاج نہ کریں۔
عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی کوتاہیوں کی وجہ سے دہشتگردوں کو پناہ مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں دہشتگردی کے کیسز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، مگر سزا دینے کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کا نظام ان کے ماتحت ہے جو کہ ناکافی ہے۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بعض صوبے غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں جو دہشتگردی کو فروغ دیتی ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی اور ملک دشمن عناصر کے مبینہ گٹھ جوڑ کے بارے میں بھی گفتگو کی اور کہا کہ افغانستان سے دراندازی کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے مخالفت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنوں کو 9 مئی کو کور کمانڈر کی میٹنگ میں موجود ہونے کے باوجود کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑا تاکہ وہ احتجاج نہ کریں۔














