ججز کو دلیرانہ فیصلے اور دباؤ، تعصب یا ذاتی مفاد سے بالاتر رہنا چاہیے، جسٹس جمال مندوخیل

اسلام آباد میں وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں تربیتی پروگرام کے اختتام پر جسٹس جمال مندوخیل نے ججز کو دلیرانہ فیصلوں کی ہدایت کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں سول ججز اور جوڈیشل مجسٹریٹس کے لیے ایک ہفتے کی تربیتی پروگرام مکمل ہو گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ مسلسل سیکھنے سے عدالتی افسران کی صلاحیتیں بہتر ہوتی ہیں اور نقطہ نظر وسیع ہوتا ہے۔ انہوں نے نوجوان ججز کو ہدایت دی کہ وہ ہر دن علم میں اضافہ کریں اور ہر کیس سے کچھ نہ کچھ سیکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ججز کو دلیرانہ فیصلے کرنے چاہئیں اور دباؤ، تعصب یا ذاتی مفاد سے بالاتر رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی جج غلطیوں کو جواز نہ بنائے اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے کھڑا ہو۔ عدلیہ میں اخلاقی قوت اور اصولی پختگی ناگزیر ہے۔ ڈی جی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی نے کہا کہ امن اور ترقی انصاف کے بغیر ممکن نہیں۔

اختتامی تقریب میں 27 عدالتی افسران کو اسناد دی گئیں اور تقریب کے آخر میں شرکا اور مہمان خصوصی کا گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد عدالتی افسران کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا اور انہیں قانونی، اخلاقی اور اصولی بصیرت سے لیس کرنا تھا تاکہ وہ عوامی خدمت میں بہتر کردار ادا کر سکیں۔

دیگر متعلقہ خبریں