برازیل میں تحقیق سے بچوں کے کھلونوں میں زہریلی دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جو صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
ساؤ پاؤلو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برازیل کی یونیورسٹی آف ساؤ پاؤلو اور فیڈرل یونیورسٹی آف الفناس کی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بچوں کے پلاسٹک کھلونوں میں زہریلی دھاتیں پائی گئی ہیں۔ سائنسدانوں نے بتایا کہ یہ کھلونے بچوں کی صحت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں اور فوری حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔
تحقیق کے دوران 70 کھلونوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں مقامی اور درآمد شدہ کھلونے شامل تھے۔ نتائج کے مطابق 44.3 فیصد کھلونوں میں بیریم کی مقدار مقررہ حد سے 15 گنا زیادہ تھی، جو دل اور اعصابی نظام پر مضر اثر ڈال سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 32.9 فیصد کھلونوں میں سیسہ بھی حد سے زیادہ پایا گیا، جو بچوں کی دماغی نشوونما کے لیے نقصان دہ ہے۔ کرومیم اور اینٹیمونی بھی خطرناک سطح پر موجود تھے۔
محققین نے کہا کہ ان دھاتوں کی موجودگی کھلونوں کے رنگ یا مینوفیکچرنگ عمل کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔ اس سے قبل بھی اسی تحقیقاتی گروپ نے کھلونوں میں ہارمون متاثر کرنے والے کیمیائی مواد پر روشنی ڈالی تھی۔
سائنسدانوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے بچوں کے کھلونوں کی حفاظت کے لیے سخت قوانین اور درآمدی کھلونوں کی نگرانی کی درخواست کی ہے۔















