برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں پاکستانی طلبا نے بھارتی وفد کو دلائل کی بنیاد پر شکست دی، 106 ووٹ لے کر دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ اہم مباحثے میں پاکستانی طلبا نے بھارت کو شکست دے دی۔ پاکستانی وفد نے 106 ووٹ حاصل کیے جبکہ بھارتی ٹیم صرف 50 ووٹ حاصل کر سکی، یوں پاکستانی طلبا نے دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔
یہ مباحثہ اس قرارداد پر ہوا کہ ‘بھارت کی پاکستان پالیسی عوامی جذبات بھڑکانے کی حکمت عملی ہے جسے سیکیورٹی پالیسی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔’ پاکستانی طلبا نے بھرپور دلائل کے ساتھ اس قرارداد کا دفاع کیا اور بھارتی نمائندوں کے دلائل کو چیلنج کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت نے اپنے بڑے ناموں کو مباحثے کے لیے نامزد کیا تھا مگر وہ شرکت سے دستبردار ہو گئے۔ بھارتی وفد کم درجہ مقررین کے ساتھ میدان میں آیا جبکہ پاکستان نے آکسفورڈ میں زیر تعلیم تین طلبا کو نمائندگی دی۔
مباحثے کے دوران پاکستانی طلبا نے بھارتی وفد کے سولائزیشنل اور مذہبی بیانیے کو ٹھوس دلائل کے ساتھ رد کیا، جس نے حاضرین کو قائل کر لیا۔
اس کامیابی نے نہ صرف پاکستانی طلبا کا قد بڑھایا بلکہ عالمی سطح پر دلائل کی جنگ میں پاکستان کے بیانیے کو مضبوطی سے ابھارا ہے۔














