حزب اللہ نے اسرائیل کے حالیہ حملے کے جواب کا حق محفوظ رکھا اور نئی جنگ کے امکان کا اظہار کیا۔
بیروت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ تنظیم اسرائیل کے حالیہ حملے کا جواب دینے کا حق رکھتی ہے اور مستقبل میں اسرائیل کے ساتھ نئی جنگ کا امکان بھی موجود ہے۔
نعیم قاسم نے جمعے کو ایک ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے چند روز قبل تنظیم کے اعلیٰ عسکری کمانڈر ہشام علی طبطبائی کی ہلاکت کے بعد جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دھمکیاں حزب اللہ کو متاثر نہیں کر سکتیں اور جوابی کارروائی کا فیصلہ تنظیم خود کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان کو اسرائیلی خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی فوج اور عوام کی مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔ 23 نومبر کو بیروت کے جنوبی علاقوں پر اسرائیل کے حملے کے بعد خطے میں نئی جنگ کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
نعیم قاسم نے اپنے خطاب میں امید ظاہر کی کہ پوپ لیو کے لبنان کے آئندہ دورے سے امن قائم کرنے اور جاری کشیدگی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائے ادرعی نے کہا کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے لبنانی فوج کی کوششیں ناکافی ہیں اور حزب اللہ اب بھی اپنے اسلحے کو خفیہ طور پر برقرار رکھنے کے لیے سرگرم ہے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ جب تک اسرائیلی حملے اور جنوبی سرحد کے پانچ علاقوں پر قبضہ ختم نہیں ہوتا وہ اپنے ہتھیار نہیں چھوڑے گی۔















