مہک ملک کی پی ایس ایل فیصل آباد ٹیم خریداری کی افواہیں غیرتصدیق شدہ ہیں، پی سی بی یا پی ایس ایل کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ گردش کر رہا ہے کہ معروف ٹرانس جینڈر ڈانسر مہک ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فیصل آباد فرنچائز خرید لی ہے، اور وہ پہلی ٹرانس جینڈر مالک بن گئی ہیں۔ تاہم، ان دعووں کی کوئی سرکاری تصدیق موجود نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین اس خبر کو شیئر کر رہے ہیں اور اسے ایک بڑی سماجی تبدیلی کے طور پر پیش کر رہے ہیں، لیکن پی ایس ایل یا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کوئی سرکاری اعلامیہ جاری نہیں ہوا، جس سے یہ دعویٰ صرف افواہوں پر مبنی قرار دیا جا سکتا ہے۔
حال ہی میں پی سی بی نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل 11 میں دو نئی ٹیمیں شامل ہوں گی، جن کی نیلامی 6 جنوری 2026 کو ہوگی، اور نئی ٹیموں کے مالکان کا فیصلہ اسی دن کیا جائے گا۔
اس وقت تک مہک ملک کی پی ایس ایل ٹیم کی خریداری کی خبر بے بنیاد ہے اور سرکاری ذرائع سے مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔















