اسلام آباد میں پولیس نے ڈانس پارٹیوں اور مساج سینٹرز کی آڑ میں چلنے والے فحاشی کے اڈوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 40 افراد کو گرفتار کر لیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد میں پولیس نے ڈانس پارٹیوں اور مساج سینٹرز کے پردے میں چلنے والے فحاشی کے اڈوں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ تھانہ شالیمار پولیس نے ایک ہی رات میں پانچ مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 21 لڑکیوں اور 19 مردوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق پانچ میں سے تین قحبہ خانے ابوظہبی ٹاور میں موجود تھے جبکہ روز پیلس اور نیچرل راکس نامی مساج سینٹرز میں جسم فروشی کا دھندہ چلتا پایا گیا۔ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ ڈانس پارٹیوں اور مساج سینٹرز کی آڑ میں غیر قانونی دھندہ چلایا جا رہا تھا۔
گرفتار لڑکیوں نے الزام لگایا کہ ایک علی ملک نامی شخص انہیں چار ہزار روپے دے کر یہ کاروبار کرواتا تھا، تاہم ملزم علی ملک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ گرفتار شدہ افراد کے خلاف تھانہ شالیمار میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گرفتار شدہ لڑکیوں کو چھڑوانے کے لیے پولیس پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ بڑے معززین اور شرفا کی جانب سے فون کالز کے ذریعے دباؤ ڈالا جاتا رہا تاکہ گرفتار لڑکیوں کو چھوڑا جا سکے۔















