پی آئی اے کے نصف طیارے بند، دسمبر میں نجکاری متوقع

پی آئی اے کے نصف طیارے بند ہیں، لیکن منافع کما رہی ہے؛ دسمبر میں نجکاری متوقع ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پی آئی اے کے نصف طیارے بند ہونے کے باوجود قومی ایئرلائن نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 11 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا ہے جبکہ کمپنی کی نجکاری دسمبر کے آخر میں متوقع ہے۔

پی آئی اے نے کم تعداد میں جہازوں کے ساتھ کینیڈا، برطانیہ، فرانس، سعودی عرب، امارات سمیت دیگر ممالک کے لیے فضائی آپریشن جاری رکھا ہے۔ پچھلے سال پی آئی اے نے 26 ارب 20 کروڑ روپے منافع کمایا تھا جبکہ اس سال اب تک 11 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کا منافع حاصل کیا جا چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے پاس مجموعی طور پر 32 جہاز ہیں جن میں سے 16 جہاز انجن اور دیگر اسپیئر پارٹس کی خرابی کے باعث آپریشن میں شامل نہیں۔ اگر یہ جہاز بروقت فضائی بیڑے میں شامل ہو جائیں تو پی آئی اے کی نجکاری کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔

نجکاری کمیشن کے ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری دسمبر کے آخر میں متوقع ہے۔ نجکاری میں حصہ لینے والی کمپنیوں میں فوجی فرٹیلائزر، حبیب رفیق، یونس برادرز اور ایئر بلیو شامل ہیں۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق جو بھی کمپنی پی آئی اے کو خریدے گی، اسے 300 سے 400 ارب روپے تک کی اضافی سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ نجکاری میں صرف اسلام آباد، کراچی، پشاور اور راولپنڈی کے 4 مین دفاتر شامل ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں