جاز نے بی آئی ایس پی کی 20 لاکھ مستحق خواتین کو مفت سمز فراہم کرنے کا آغاز کیا، 17 لاکھ سمز جاز کیش والیٹس سے منسلک ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعظم کی ہدایت پر جاز نے کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے بی آئی ایس پی کی 20 لاکھ مستحق خواتین کو مفت سمز فراہم کرنے کا ملک گیر آغاز کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق، 17 لاکھ سمز جاز کیش والیٹس سے منسلک ہیں، جس سے وہ خواتین باضابطہ طور پر ڈیجیٹل معیشت میں شامل ہو سکیں گی جو پہلے مالیاتی نظام سے باہر تھیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے موبائل آپریٹرز کو بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کو مفت سمز جاری کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ کیش سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی تبدیلی کے دوران کوئی مستحق خاتون مالی خدمات سے محروم نہ رہے۔
نئے ماڈل کے تحت اہل بی آئی ایس پی خواتین کو مفت جاز سمز فراہم کی جائیں گی جن میں سے زیادہ تر سمز جاز کیش والیٹ سے پہلے ہی منسلک ہوں گی، جہاں آئندہ تمام ادائیگیاں براہِ راست جمع ہوں گی۔ اس تبدیلی سے مستحق خواتین محفوظ طریقے سے رقم نکال سکیں گی، ڈیجیٹل ادائیگیاں کر سکیں گی اور مالیاتی سہولیات تک رسائی حاصل کر سکیں گی، جس سے ان کا درمیانی افراد پر انحصار اور خطرات کم ہو جائیں گے۔
بی آئی ایس پی میں 1 کروڑ سے زائد خواتین رجسٹرڈ ہیں۔ جاز نے پہلے مرحلہ میں 20 لاکھ غیر منسلک مستحق خواتین کو فعال کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں کیش لیس سماجی تحفظ کے نظام کی جانب پیش رفت کے مطابق اپنی خدمات کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔













