پاکستان اور روس کے درمیان اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، روسی وزیر توانائی نے اسلام آباد میں کنسرٹ میں شرکت کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور روس کے درمیان 10 ویں بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے اختتام پر اہم مفاہمتی یادداشتوں اور پروٹوکولز پر دستخط ہونے جارہے ہیں۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری اور روسی وزیر توانائی کریں گے۔
روسی وزیر توانائی سرگئی تسویلیف گزشتہ روز اسلام آباد پہنچے اور انہوں نے پی این سی اے میں منعقد خصوصی کنسرٹ میں شرکت کی۔ کنسرٹ میں اسٹیٹ اکیڈمک رشین فوک انسمبل نے فن کا مظاہرہ کیا، جسے روسی وزیر توانائی نے خوب سراہا۔
تقریب میں روسی نائب وزیر سائنس و اعلیٰ تعلیم، نائب وزیر توانائی اور وزارت ثقافت سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کنسرٹ میں روسی اور پاکستانی موسیقی کی دھنوں نے شائقین کو محظوظ کیا۔















