ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 کے 26ویں روز بچوں کے تھیٹر پلے، تھیٹر ورکشاپ اور فلم اسکریننگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 کے 26ویں روز شرکا کو تخلیقی سرگرمیوں سے بھرپور دن ملا، جس میں بچوں کا تھیٹر پلے، تھیٹر ورکشاپ اور خصوصی فلم اسکریننگ شامل تھیں۔ دن کا آغاز بچوں کے تھیٹر پلے ’’ٹریژر ہنٹ‘‘ سے ہوا، جس نے آڈیٹوریم کو مکمل طور پر بھر دیا۔
ساٹھ منٹ پر مشتمل اس پلے کو حسن ملک نے تحریر اور ڈائریکٹ کیا۔ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں پیش کیے گئے اس انٹرایکٹو کھیل میں جادوئی مناظر، بولتے جانور اور دلچسپ مہم جوئی شامل تھی۔ اداکاروں نے بچوں کو نعرے لگانے، جواب دینے اور یہاں تک کہ اسٹیج سے اتر کر آنے والے بولتے جانور سے ہائی فائیو کرنے پر بھی اکسایا۔
کہانی بہادر بچوں کے ایک گروپ کے گرد گھومتی ہے جو خزانے کی تلاش میں نکلتے ہیں۔ آخر میں معلوم ہوتا ہے کہ اصل قوت دوستی، ہمت اور اعتماد میں ہے۔ پلے کے دوران بچوں کی ہنسی اور تالیاں آڈیٹوریم میں گونجتی رہیں۔ کرداروں میں علیزہ، ہاشر، عدیل، سلیمان رومی، عاصم، مرحبا، رضا، حمزہ رانجھا اور ثمینہ شامل تھے۔
پلے کے بعد کینیڈا سے آئے تھیٹر آرٹسٹ احمد مری نے آرٹس کونسل تھیٹر اکیڈمی کے طلبہ کے لیے خصوصی ورکشاپ کرائی۔ انہوں نے توجہ کھینچنے کے طریقے، تالیاں استعمال کرنے کی تکنیک اور اعتماد بڑھانے کی مشقیں کروائیں۔ شرکا نے مقامی اور عالمی ثقافتی تجربات پر بھی گفتگو کی۔ احمد مری نے جدید تھیٹر رجحانات اور بین الاقوامی ثقافتی تہواروں سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
دن کے اختتام پر بالکان شو کیس فلم اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں ترکی اور بوسنیا و ہرزیگووینا کی دو فلمیں پیش کی گئیں۔ ترکی کی دستاویزی فلم ’’سوئل اینڈ ونگز‘‘ میں ایک سائنس دان کی نایاب پرندوں کو بچانے کی کوششوں کو دکھایا گیا۔ بوسنیا و ہرزیگووینا کی مختصر فلم ’’گڈ لک، سارا!‘‘ ایک نوجوان موسیقار کی جنگ کے بعد زندگی سنبھالنے کی کہانی بیان کرتی ہے۔ دونوں فلموں کو شائقین نے خوب سراہا۔















