راولپنڈی میں ای چالان سسٹم کا مکمل آغاز

راولپنڈی میں ای چالان سسٹم مکمل طور پر فعال، قوانین کی خلاف ورزی پر چالان جاری۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) راولپنڈی میں ای چالان سسٹم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ ایس پی سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول رانا عبد الوہاب نے بتایا کہ کیمروں کی مدد سے قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں آگاہی مہم چلائی گئی اور اب تک 600 سے زائد چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں 360 مقامات پر 2100 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو کرائم، قوانین کی خلاف ورزی اور ٹریفک مسائل کی نشاندہی میں مددگار ہیں۔ یہ سسٹم سیکورٹی مانیٹرنگ کے حوالے سے بھی انتہائی اہم ہے۔

رانا عبد الوہاب نے مزید کہا کہ پنجاب کے 41 منصوبوں کو سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سے منسلک کیا گیا ہے اور سموگ پیدا کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ائیر کوالٹی انڈیکس کی نگرانی کے لئے بھی ان کیمروں کا استعمال ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچہری چوک منصوبے کے باعث شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنا ہوگی، جبکہ 90 سے زائد خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ کالے شیشے، لین کی خلاف ورزی اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے۔

ای چالان جاری کرنے کا عمل 22 نومبر کے بعد شروع ہوا اور سسٹم 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ جعلی نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، اور چالان گاڑی کے مالک کے نام پر جاری ہوگا، جس کو 10 دن کے اندر ادا کرنا ہوگا۔

دیگر متعلقہ خبریں