پاکستان اور سعودی عرب کا سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب نے سیکیورٹی تعاون بڑھانے اور تربیتی تبادلہ پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور سعودی عرب نے پولیس اور پیراملٹری فورسز کے لیے تربیتی تبادلہ پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کی ملاقات میں دو طرفہ سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔

سعودی وزیر داخلہ نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے میں شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔ دونوں وزرا نے معلومات کے تبادلے اور سیکیورٹی خدشات کے مشترکہ مقابلے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں سعودی عرب میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کی قانونی حیثیت سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے اور سعودی وزیر داخلہ نے پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ طے پایا کہ پاکستان-سعودی عرب وزارتِ داخلہ ورکنگ گروپ کا اگلا اجلاس آئندہ ماہ ہوگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات دیرینہ شراکت داری پر مبنی ہیں۔ ملاقات میں دیگر پاکستانی اور سعودی حکام نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ نے قطر کے وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی، جہاں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کارروائیوں، ساحلی سیکیورٹی کے تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں پر بات چیت ہوئی۔

دیگر متعلقہ خبریں