پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے ضمنی انتخابات میں ناکامی پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے سیاسی منظرنامہ بدلنے کا عندیہ دیا ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے ضمنی انتخابات میں ناکامی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ اب بھی قبول نہیں کیا جا رہا ہے، اگر یہی سلسلہ رہا تو ہم کسی اور لائن کی طرف جانے کا سوچیں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہوتا کہ ہمارا مینڈیٹ قبول نہیں کیا جائے گا تو ہم ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ہری پور سیٹ کا دفاع نہیں کرسکے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں میں کسی اور کا سکہ چل رہا ہے، یہ ظلم ہے۔ ہم نے سختیاں برداشت کیں اور سمجھا تھا کہ اس دفعہ ہمارا مینڈیٹ قبول کیا جائے گا مگر ہمیں میلی آنکھ سے دیکھا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام میں مایوسی پھیلے گی، برداشت ختم ہوگی اور اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو ہم کسی اور لائن کی طرف جانے کا سوچیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہری پور کی جیتی ہوئی سیٹ ہمیں نہیں دی گئی اور یہ جمہوریت کے لیے اچھا شگون نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں اشتعال دلایا جاتا ہے مگر ہم اشتعال میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 4 نومبر کو آخری ملاقات کروائی گئی تھی اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوامی مینڈیٹ سے آتے ہیں اور پاکستان میں جمہوریت چلنی ہی چلنی ہے۔ کل پشاور میں 26 نومبر کی دعائیہ تقریب ہوگی۔















