وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے سردیوں میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ سردیوں میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں سردیوں کے دوران گیس لوڈ مینیجمنٹ پر تبادلہ خیال ہوا، جس میں ایم ڈی سوئی نادرن اور سوئی سدرن نے ملک بھر میں گیس کی دستیابی پر بریفنگ دی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو سردیوں میں گیس کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سوئی کمپنیوں کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ آر ایل این جی گھریلو کنکشنز کے اجرا کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس سال گھریلو گیس کی سپلائی گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہے۔
ایم ڈی سوئی نادرن نے کہا کہ کھانے کے اوقات کے علاوہ صبح پانچ بجے سے رات دس بجے تک گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ سپلائی میں بہتری عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن، سوئی نادرن، سوئی سدرن اور اوگرا حکام نے شرکت کی۔














