جنرل ساحر شمشاد مرزا نے صدر اور وزیراعظم سے الوداعی ملاقاتیں کیں، 27 نومبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے صدر مملکت اور وزیراعظم سے الوداعی ملاقاتیں کی ہیں۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے جنرل ساحر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور قومی دفاع میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل ساحر کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا گیا۔
اس سے قبل انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جنرل ساحر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کی۔
خیال رہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا 27 نومبر 2025 کو اپنی ملازمت کی مقررہ مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے اور ان کے بعد کوئی چیئرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی نامزد نہیں کیا جائے گا۔














