اسلام آباد سے 17 سال قبل لاپتہ ہونے والی کرن کراچی میں ایدھی سینٹر سے ملی اور والد کے حوالے کر دی گئی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد سے 17 سال قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کرن کو ایدھی سینٹر کراچی سے والد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ کرن کی بازیابی سیف سٹی پنجاب کے تعاون سے ممکن ہوئی۔
کرن نے بتایا کہ وہ آئسکریم لینے نکلی تھی اور راستہ بھول گئی، پھر کسی نے اسے ایدھی سینٹر اسلام آباد پہنچایا۔ بعد میں مرحومہ بلقیس ایدھی اسے کراچی لے آئیں جہاں وہ زیر کفالت رہی۔
ایدھی سینٹر میں قیام کے دوران کرن نے دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کی اور خوشگوار وقت گزارا۔ والدین سے ملاقات پر کرن نے خوشی کا اظہار کیا۔
ایدھی سینٹر کی انچارج شبانہ فیصل کے مطابق کرن کو کئی بار بس کے ذریعے اسلام آباد بھیجا گیا لیکن کوئی سراغ نہ ملا۔ حالیہ دنوں میں ملک بھر سے 12 بچے والدین سے مل چکے ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی اس کاوش کو سراہا جا رہا ہے، جبکہ کرن کی واپسی سب کے لیے خوشی کا باعث بنی ہے۔














