ہری پور میں پی ٹی آئی امیدوار کی برتری کا دعویٰ، الیکشن کمیشن پر تنقید
ہری پور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہری پور سے پی ٹی آئی امیدوار تقریباً 25 ہزار ووٹوں کی برتری کے ساتھ آگے ہیں۔
اسد قیصر نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ویب سائٹ پر غلط نتائج اپ لوڈ کیے جا رہے ہیں اور الیکشن کمیشن انتظامی سطح پر ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی عمل مذاق بن چکا ہے اور بہتر ہوتا کہ الیکشن کرانے کی بجائے براہِ راست کوئی نوٹیفکیشن جاری کر دیا جاتا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی این اے 18 ہری پور میں پی ٹی آئی امیدوار کی برتری کا دعویٰ کیا تھا۔
این اے 18 کی نشست پی ٹی آئی کے عمر ایوب کے نااہل ہونے پر خالی ہوئی تھی، جنہیں 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس میں سزا سنائی گئی تھی۔














