مسلم لیگ (ن) کی رہنما طاہرہ اورنگزیب نے نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارٹی کے صدر میاں نواز شریف کی صحت کے لیے دعا کریں، ان کی سرجری ہوئی ہے۔
ضلع راولپنڈی میں وزیر اعلیٰ پنجاب ہائی پاور گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت چوبیس کاشتکاروں کو ٹریکٹرز دینے کی تقریب ہوئی، جہاں طاہرہ اورنگزیب نے خوش نصیبوں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔
طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی سے ملک خود کفیل ہوگا، پنجاب حکومت کسان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے بارانی زرعی یونیورسٹی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سید شاہد بخاری نے کہا کہ پنجاب میں 9500 ٹریکٹرز سبسڈی پر اور 1000 مفت تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ کسان کارڈ پر 57 ارب بلاسود قرضے دیے گئے جن میں سے نوے فیصد واپس ہو چکے ہیں۔














