خواتین کو وراثت میں حق سے محروم کرنے والے کسی منصب پر فائز ہونے کے اہل نہیں۔امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی نے لاہور میں خطاب کے دوران کہا کہ خواتین کو وراثتی حقوق سے محروم کرنے والے کسی منصب کے اہل نہیں ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کا موجودہ نظام انصاف پر مبنی نہیں ہے اور خواتین کو وراثت میں ان کے حقوق سے محروم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے لاہور میں جماعت اسلامی کے اجتماع عام کے دوسرے روز خواتین کے سیشن سے خطاب کے دوران کہا کہ ملک میں تین کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور موجودہ نظام بچوں کو تعلیم، بچیوں کو تحفظ اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پولیس ایکٹ میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور معاشرے میں خواتین کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو بظاہر دیندار ہوتے ہیں لیکن ان کے گھروں میں خواتین کے ساتھ ملازماؤں جیسا سلوک کیا جاتا ہے اور ان کو وراثت میں حق نہیں دیا جاتا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ خواتین کو وراثت میں حق سے محروم کرنے والے کسی منصب پر فائز ہونے کے اہل نہیں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں کیونکہ 2015 سے اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں