پاکستانی اداکار حسن احمد نے اپنے 35 دن کے اغوا کی کہانی بیان کی جو کہ انتہائی اذیت ناک تھی اور جس کے بعد ان کی ذہنی حالت متاثر ہوئی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی اداکار و ماڈل حسن احمد نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران اپنے اغوا کی دردناک کہانی بیان کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک رات شوٹ سے فارغ ہوکر گھر جارہے تھے جب راستے میں اے ٹی ایم پر پانچ سے چھ افراد نے انہیں اغوا کرلیا۔ انہیں ڈیفنس کے ایک خالی پلاٹ میں لے جاکر گاڑی میں لٹایا گیا اور 35 دن تک زنجیروں میں قید رکھا گیا۔
حسن احمد نے کہا کہ اغواکاروں نے انہیں کھانا کھانے اور واش روم جانے کے لیے ہی زنجیریں کھولی تھیں۔ بالآخر تاوان طے ہونے پر سی پی ایل سی کی مدد سے کارروائی کی گئی لیکن حسن وہاں موجود نہیں تھے۔ اغواکاروں کا ایک ساتھی گرفتار ہوا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ایک شخص نے بغیر نقاب کے بتایا کہ وہ اغوا میں شامل نہیں تھا اور انہیں چھوڑ رہا ہے۔ 35 دن بعد انہوں نے صبح کی روشنی دیکھی۔ بازیابی کے بعد حسن احمد کی ذہنی حالت بہت خراب تھی اور انہوں نے گھر پہنچ کر رونا شروع کردیا۔
یاد رہے کہ حسن احمد کی اہلیہ سنیتا مارشل بھی اپنے ایک انٹرویو میں اس واقعے کا ذکر کرچکی ہیں۔















